Friday , November 1 2024
enhindiurdu

تحریک قلم کے زیر اہتمام عید ملاپ ”محفل شعروخرما کا انعقاد

میڈیاپلس میں تحریک قلم کے زیر اہتمام عید ملاپ پروگرام ”محفل شعر و شیرخرما“ کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت جناب جلیل نظامی نے کی۔ سید مسکین احمد صدر کل ہند داغ دہلوی فاؤنڈیشن و بزم ظرافت تلنگانہ، ڈاکٹر رؤف خیر، پروفیسر عبدالسمیع بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ کمسن قاری عاطف عمران مرزا کی قرأت کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوا۔ ابتداء میں کنوینر بصیرخالد نے اپنی خیر مقدمی تقریر میں کہا کہ تحریک قلم ٹولی چوکی کا مقصد ادبی تقاریب و مشاعروں سے نوجوان نسل کو جوڑنا اور ان میں ذوق پیدا کرنا ہے‘ لہٰذا ان تقاریب کو نئے شہر میں منعقد کرتے ہوئے یہاں بھی شعر و ادب کا ماحول بنایا جائے گا۔ بہت جلد ٹولی چوکی میں تحریک قلم ریاستی سطح پر مشاعرہ کا اہتمام کرے گی۔ چوں کہ یہاں کئی شعر و ادباء و اہل علم رہتے بستے ہیں‘ تحریک قلم کا مقصد یہ بھی ہے کہ کئی انجمنوں و اداروں سے اشتراک کرتے ہوئے اردو ادبی تقاریب کو فروغ دیں۔ جناب سید مسکین ا حمد نے کہا کہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ بصیرخالد نے نئے شہر میں مشاعرے منعقد کرنے آگے آئے ہیں۔ ہم ا ن کے اس جذبہ کی قدر کرتے ہیں۔عیدملاپ تقریب ”محفل شعر وشیر خرما“ میں سبھی کی شیرخرما سے تواض کی گئی۔ مشاعرہ کے آغاز سے قبل حیدرآباد کی دو کمسن غزل گلوکارائیں جیوتی شرما اور دیویکا شرما جو زی ٹی وی کے مقبول عام پروگرام میں حصہ لے کر انعامات حاصل کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کا نام روشن کیا ہے‘ ان کو تہنیت پیش کی گئی۔ بعد ازاں مشاعرہ میں صدر مشاعرہ جلیل نظامی کے علاوہ ڈاکٹر رؤف خیر، سردار سلیم، پروفیسر عبدالسمیع صدیقی، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، کوکب ذکی، سیف نظامی، افتخار عابد، بصیر خالد، عمر علی فاروقی، رفیعہ نوشین، ارجمند بانو نے سنجیدہ کلام سناکر داد و تحسین حاص کی اور درمیان میں طنز و مزاح کے ممتاز شعراء وحید پاشاہ قادری اور لطیف الدین لطیف نے مزاحیہ کلام سنایا۔ اس محفل کی نظامت کے فرائض رفیعہ نوشین اور لطیف الدین لطیف نے انجام دیئے۔ جناب محمد قمرالدین صدر انجمن نے سبھی مہمانان و شعراء کی گلپوشی و شال پوشی کی۔ جناب منہاج احمد جاوید کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

About Gawah News Desk

Leave a Reply