اسد مرزا(دہلی)
”ایران اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپیں مقامی اور عالمی سطح پر مستقبل کے لیے واقعی ایک خوفناک علامت ثابت ہوسکتی ہیں، اس کے علاوہ وہ اس جانب بھی اشارہ کرتی ہیں کہ ہم نے اپنے ماحولیاتی وسائل کو کس طرح غلط طریقے سے استعمال کیا ہے۔“
ایرانی خبر رساں ادارے ’تسنیم‘کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سرحدی محافظوں اور افغان فوجیوں کے درمیان سرحدی علاقے میں جان لیوا جھڑپیں ہوئیں جو ایران کی جانب سے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ضلع زابل اور افغانستان کے صوبے نمروز کے ضلع کینگ پر محیط ہے۔ ہلاکت خیز جھڑپوں کے نتیجے میں دو ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہوئے، جب کہ ایرانیوں نے اپنی جانب سے 12 طالبانی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے
پریشان کن بات یہ ہے کہ جس مسئلے پر دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے وہ یہ ہے کہ دریائے ہلمند کے پانی کو کیسے تقسیم کیا جائے، جسے دونوں ممالک کو بانٹنا چاہیے۔ ایران کا الزام ہے کہ افغانستان کے طالبان حکمرانوں نے 1973 کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے ہلمند سے ایران کے خشک مشرقی علاقوں تک پانی کے بہاؤ کو روکا ہے، طالبان نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
چین کی ’ژنہوا‘نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی رکن پارلیمنٹ حسین علی شہریاری، جو صوبہ سیستان و بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان کی نمائندگی کرتے ہیں، نے افغانستان میں طالبان حکومت پر دریائے ہلمند کے بہاؤ کو روکنے اور کمال خان بند میں اضافی پانی ذخیرہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ افغانوں نے حال ہی میں نئے ڈیم بنائے ہیں جو پانی کو ذخیرہ کر رہے ہیں جو بصورت دیگر ایران کی طرف بہہ جانا چاہیے تھا۔ دونوں ممالک نے ہلمند پر ڈیم بنائے ہیں اور اسے سیراب کیا ہے اور ساتھ ہی اس کا استعمال اُن فصلوں کو اگانے کے لیے کرتے ہیں، جو اس خشک ماحول کے لیے موزوں نہیں ہیں۔
موجودہ تنازعہ:
تو دراصل ان جھڑپوں کی بنیاد دریائے ہلمند کے آبی وسائل کے استعمال کو لے کر ہوئی ہے، اگرچہ یہ پیش رفت بہت سے لوگوں کے لیے چونکا دینے والی خبر ہو سکتی ہے، تاہم یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے بلکہ یہ نہ صرف ایران اور افغانستان کے درمیان بلکہ دوسرے ممالک کے درمیان بھی ہونا ہے۔ صحافی فاطمہ امان نے بحر اوقیانوس کونسل کے لیے اس تنازعے کا ایک اچھا خلاصہ پیش کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خشک سالی اور موسمیاتی تبدیلیوں نے پانی کی تقسیم پر کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔
فاطمہ کے بقول ہلمند افغانستان کا سب سے لمبا دریا ہے، جو افغانستان کے 40 فیصد سے زیادہ سطحی پانی پر مشتمل ہے۔ ہلمند کا 95 فیصد افغانستان میں واقع ہونے کے ساتھ، یہ ملک کے جنوبی اور جنوب مغربی صوبوں کے لیے معاش کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ یہ دریا مزید ایران کے بنجر جنوب مغرب میں بہتا ہے جس سے کہ ایرانی جانب ہامون کے گیلے علاقوں اور افغانی جانب جھیلوں کو پانی مہیا کراتا ہے، لیکن نئے باندوں کی تعمیر آبپاشی اور خشک سالی نے ان علاقوں کو جزوی طور پر خشک کر دیا ہے اور اب وہاں دھول کے زہریلے بگولے اڑتے نظر آتے ہیں۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق، ایران اور افغانستان میں دنیا کی اوسط سے زیادہ تیزی سے گرمی کے بڑھنے کا امکان ہے، حقیقت میں دنیا سے دوگنا تیزی سے۔ پہلے ہی، پانی کے ناقص انتظام اور اضافی گرمی نے ہلمند کے طاس پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں۔ اضافی گرمی مٹی کو خشک کر دیتی ہے اور زیادہ شدید اور زیادہ خشک سالی کا باعث بنتی ہے۔ یہ جھیلوں اور دریاؤں سے پانی کے زیادہ اور تیزی سے بخارات کا سبب بنتا ہے۔ پانی کے وسائل تیزی سے قحط زدہ سیستان و بلوچستان کے علاقے میں رہنے والے لوگوں کے لیے اہم ہیں۔ اس کے علاوہ سیستان ویٹ لینڈ کا ماحولیاتی نظام فلیمنگو، پیلیکن اور دیگر نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی بھی مدد کرتا ہے۔ اور جب کہ دریائے ہلمند پر تنازعات کی تاریخ طویل ہے، لیکن منظر نامہ دنیا کے دیگر خطوں میں پانی پر تنازعات جیسا ہی ہے۔ بہت سے سماجی سائنسدان ان تنازعوں کے نتیجے میں پانی کی جنگوں کی پیش گوئی کرتے ہیں۔ تازہ سرحدی تصادم آنے والی بڑی جنگوں کا ایک چھوٹا نمونہ ہے۔
عالمی آبی تنازعات
مصر، سوڈان اور ایتھوپیا کے درمیان مؤخر الذکر کے گرینڈ ایتھوپیئن رینیسانس ڈیم (GERD) اور دریائے نیل کے وسائل پر تناؤ برسوں سے حل نہیں ہوسکا ہے، مصر اور ایتھوپیا دونوں نے مختلف مقامات پر فوجی ردعمل کی دھمکی دی ہے۔ پچھلے سال روسی فوجیوں نے دریائے ڈینیپر کے ڈیم کو تباہ کر دیا تھا جس سے کہ پانی کا رخ کریمیا اور یوکرین کی جانب مڑ گیا تھا۔ مالی اور صومالیہ میں مسلح گروہوں نے شہریوں کو درکار پانی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے۔ میکسیکو، چلی، اسرائیل اور فلسطین، کینیا اور پیرو – آبی تنازعات کی فہرست لمبی ہوتی چلی جارہی ہے۔
جرنل سسٹین ایبلٹی ٹائمز (Sustainability Times Journal)نے اقوام متحدہ کے شماریاتی ڈویژن کے 2019 سے متعلق اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ اپریل 2022 تک عالمی سطح پر مختلف خطوں میں پانی کے تنازعات کی تعداد 1100 سے زیادہ تنازعات پر مشتمل ہے۔ماہر ماحولیات لارین فیگن نے سسٹین ایبلٹی ٹائمز کیلئے اپنی رپورٹ میں ریاست ہائے متحدہ میں پیسیفک انسٹی ٹیوٹ کے بانی اور دی تھری ایجز آف واٹر(The Three Ages of Water) کے مصنف ڈاکٹر پیٹر گلیک کا مزید حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پانی سے متعلق تنازعات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے خاص طور سے گزشتہ دو دہائیوں میں۔ اس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں تشدد، بھارت اور ایران جیسے خطوں میں پانی تک رسائی پر شدید خشک سالی کے دوران بڑھتے ہوئے تنازعات، اور سب صحارا افریقہ میں نسلی اور برادری کے تصادم کی وجہ سے ہے۔
گلیک اور مورگن کا خیال ہے کہ میٹھے پانی کے وسائل سے جڑے سماجی، اقتصادی اور سیاسی چیلنجز دنیا بھر کی کمیونٹیز کے لیے پانی سے متعلق بیماریوں، فصلوں کی ناکامی، ماحولیاتی تباہی، حقیقی تشدد کے لیے متعدد سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں پانی سے متعلق تنازعات کے خطرات اور واقعات میں اضافہ رونما ہوا ہے، اور اس طرح کے تشدد کو جنم دینے والے عوامل بدتر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ہمیں پانی کے تنازعات کی بنیادی وجوہات اور ان کے امکانات اور نتائج کو کم کرنے کے لیے زیادہ موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
آبی وسائل پر بڑھتا ہوا تناؤ عالمی جغرافیائی سیاست میں ایک نئی جہت کے ابھرنے کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے، جس سے علاقائی اور پڑوسی دشمنیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔یہ دنیا بھر میں تازہ پانی تک غیر مساوی رسائی ہے جو تنازعات کے دوران اسے ایک اسٹریٹجک ترجیح بناتی ہے، جیسا کہ ایران-افغانستان آبی تنازعہ سے ظاہر ہوا ہے
مجموعی طور پر یہی کہا جاسکتا ہے کہ درحقیقت موجودہ وقت بہت مناسب ہے کہ عالمی طلب اور رسد اور آبی وسائل کی تقسیم کا ایک اجتماعی حل تلاش کرنے کے لیے عالمی ہم آہنگی سے کام لیا جائے، اس کے علاوہ محض کھوکھلی باتوں کے بجائے جیساکہ زیادہ تر عالمی ماحولیاتی ایجنسیوں اور منصوبوں کا رجحان بن گیا ہے، ہمیں اپنے ماحول کا زیادہ خیال رکھنے کے لیے شعوری، سنجیدہ اور پرعزم انداز اختیار کرنا چاہیے۔ اگر واقعی ہم نے اب بھی عمل نہیں کیا تو تب بہت دیر ہو چکی ہوگی، جب پانی کے وسائل کی کمی کی وجہ سے دنیا بھر میں حقیقی جنگیں شروع ہو جائیں گی۔
(مضمون نگارسینئر سیاسی تجزیہ نگار ہیں‘ ماضی میں بی بی سی اردو سروس اور خلیج ٹائمزدبئی سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں)
Check Also
ہندوستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ذہن سازی۔غیر اخلاقی تعلقات سے پاک و صاف ماحول کی ضرورت
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے انتخابات اور منظورہ قراردادیںآل انڈیا مسلم پرسنل لا …
ہندوستانی پارلیمنٹ اور اکھنڈ بھارت
ہندوستانی پارلیمنٹ کی نئی عمارت جس پر تنقیدیں ہورہی ہے اور مختلف تبصرے بھی کئے …