Sunday , December 22 2024
enhindiurdu

”پرواسی پریچئے“ کے تحت سفارت خانہ ہندریاض میںفقیدالمثال کلچرل ویک

سفارت خانہ ہند ریاض نے ہندوستانی تہذیبی ورثہ اور روایات پر مشتمل ایک تاریخ ساز پروگرام کا اہتمام کیا۔ ایک ہفتہ طویل اس پروگرام میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی تارکین وطن نے اپنی اپنی ریاست کے روایتی کلچر، آرٹ، رقص، گیت، غذائی اشیا، لباس اور زیورات وغیرہ پیش کئے۔ ایک ہفتے تک ایسا لگ رہا تھا کہ سارا ہندوستان ایمبیسی احاطہ میں سمٹ آیا ہے۔ اسے بے شک یادگار پروگرام کہا جاسکتا ہے کیونکہ انڈین ایمبیسی ریاض میں آج تک ایسے پروگرام کا انعقاد عمل میں نہیں ہوا۔
اس تاریخ ساز تقریب کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں نے کہا کہ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد وطن سے دور اپنی تہذیب و روایات کا اعادہ کرنا اور ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے باشندوں کو یکجا کرنا ہے۔ پروگرام میں این آر آئیز کی غیر معمولی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے سفارت خانہ اس پروگرام کو سالانہ بنیاد پر منعقد کرنا طئے کیا ہے۔
افتتاحی پرگرام کے بعد علیگڑھ سے تشریف لائے غزل فنکار جان فوسٹر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے روز انڈین اسکولز کے طلباء و طالبات کیلئے Indian Heritage and Culture پر Quiz پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔ جس کے بعد راقم کی تاریخی عمارتوں پر مشتمل فوٹوز کی نمائش اور تہنیتی تقریب منعقد ہوئی۔
پھر اگلے تین دن مختلف ریاستوں کے نمائندوں نے اپنے پروگرامز پیش کئے جن میں کیرالہ، یوپی، راجستھان‘ دہلی‘ تلنگانہ‘ تمل ناڈو‘ کرناٹک‘ مہاراشٹرا‘ آندھراپردیش، اوڈیشہ اور گجرات شامل تھے۔ ان رنگا رنگ کلچرل پروگرامز کے کوآرڈینیٹرز میں شہاب کوٹوکاڈ، غلام محمد خاں، مصباح العارفین، وصی حیدر رضوی، محمد مبین، احمد امتیاز، سنتوش شٹی، مسز سچترا، محمد مزمل شامل تھے۔ چھٹے دن ”سنسکرت ڈے“ منایا گیا۔ اس تقریب سے سفارت خانہ ہند کو دنیا میں پہلی بار کسی انڈین ایمبیسی میں سنسکرت ڈے منانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ساتویں اور آخری دن یوم خواتین کے طور پر منایا گیا۔ اس پروگرام میں اعلی صلاحیتوں کی مالک چار ہندوستانی خواتین جنھوں نے سعودی عرب میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوئے۔ ان خواتین کے ساتھ ایک مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مسز کوکیلا گھوش (FAO)، ڈاکٹر گوکل کماری پروفیسر سعودی الیکٹرانک یونیورسٹی، مسز اندرا لوکیش مٹرو پائلٹ ریاض اور مسز پلاوی کیلے سائکالوجسٹ شامل تھے۔ ان خواتین کو سفیر ہند کے ہاتھون یاد گاری مومنٹوز پیش کئے گئے۔ مسز منواسمرتی، فرسٹ سکریٹری ایمبیسی آف انڈیا نے موڈریٹر کے فرائض انجام دئیے۔ اسکولی بچوں کے مختصر کلچرل پرگرام پر یہ اختتامی تقریب تکمیل کو پہنچی۔ ساجن نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ تمام کوآرڈینیٹرز کو ڈاکٹر سہیل نے یاد گاری مومنٹوز پیش کئے۔ آخر میں نائب سفیر ہند ابو ماتھن جارج کے ہدیہ تشکر پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

About Gawah News Desk

Check Also

اتراکھنڈمیں تاجروں کی تنظیم نے مسلمانوں کی ملکیت والی دکانوں کا رجسٹریشن منسوخ کردیا

اتراکھنڈ کے دھرچولا قصبے میں ایک تاجر تنظیم نے 91 دکانوں کارجسٹریشن منسوخ کر دیا، …

دو نابالغ بھائیوں کاقاتل ملزم واقعہ کے صرف دو گھنٹے بعد ہی انکاؤنٹر میں ہلاک

اتر پردیش کے بداویوں ضلع میں دو کمسن بھائیوں کے قتل اور پھر مبینہ پولیس …

Leave a Reply