Tuesday , December 3 2024
enhindiurdu

فلسطین تجھے سلام

اے فلسطین! تری خاک کے ذروں کو سلام
تیرے جلتے ہوئے زخموں کی شعاعوں کو سلام
تیرے بچوں، ترے بوڑھوں کو جوانوں کو سلام
ان کی رگ رگ میں مچلتے ہوئے جذبوں کو سلام
تو مقدس ہے، مرا قبلہ اول ہے تو
تیری دیواروں کو محرابوں کو طاقوں کو سلام
تو شہادت گہہ الفت کا وہ مرکز ہے جہاں
زندگی اٹھ کے کرے موت کے پنجوں کو سلام
ہے رواں اب بھی جہاں قافلہئ ایوبی
اے فلسطین ترے شہر کی گلیوں کو سلام
خسروی قیصری تقدیر پہ ان کی نازاں
تیرے باشندوں کے ہاتھوں کی لکیروں کو سلام
جان قربان ترے در کے فقیروں پہ مری
صدق دل سے میں کروں تیرے امیروں کو سلام
میرا تابوت سکینہ ہے ترا سنگ در
تیری چوکھٹ پہ چہکتی ہوئی چڑیوں کو سلام
تیرے آنگن میں مہکتے ہیں لہو کے بوٹے
تیرے دروازوں سے لپٹی ہوئی بیلوں کو سلام
تیری دھرتی کے چراغوں کی لوئیں زندہ باد
تیرے عنبر کے پرندوں کی اڑانوں کو سلام
رشک فردوس بنایا ہے جنھوں نے تجھ کو
پیش کرتا ہوں میں ان سارے قبیلوں کو سلام
غازیوں کو ترے نذرانہ آداب و نیاز
مر مٹے تجھ پہ جو ان سارے شہیدوں کو سلام
پیاران بچوں کو پڑھتے ہیں جو مکتب میں ترے
دیکھتی ہیں جو تجھے روز ان آنکھوں کو سلام
جن کے دل میں ہے تمنا تری آزادی کی
تیرے احرار کے پرجوش ارادوں کو سلام
پیش اگر سات سمندر بھی کریں تو کم ہے
خوں میں لتھڑے ہوئے معصوم جنازوں کو سلام
عرض کرتے ہوئے تھراتا ہے شاعر کا قلم
اے فلسطین! ترے نام کے ہجوں کو سلام
کام ہے جن کا ترے حق میں دعائیں کرنا
پیش کرتا ہے سلیم ان کی دعاؤں کو سلام
سردار سلیم

About Gawah News Desk

Check Also

فلسطین تنازعہ یوکرین جنگ پر حاوی

اسد مرزا، دہلی‘ ”ایسا لگتا ہے کہ چالیس دن پرانے فلسطین-اسرائیل تنازعہ نے گزشتہ 18 …

اسرائیل کی اسپتال پر بمباری،سیکڑوں فلسطینی شہید،دنیا بھرمیں مذمت،بائیڈن سے عرب سربراہوں کی میٹنگ منسوخ

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے الاہلی عرب ہسپتال …

Leave a Reply