GAWAHTHE WITNESS
Sunday, November 15, 2026
GAWAH
The Witness · Hyderabad
غیر زمرہ بند

اسرائیل کی مسلم دشمنی: مسلم حکمرانوں کیلئے سبق!

By Gawah News Desk · ·Updated Nov 12, 2026 · 2:51 pm ·1 min read

ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز، ایڈیٹر گواہ اردو ویکلی، حیدرآباد۔ فون: 9395381226

اسرائیلی پارلیمنٹ کے نومنتخبہ ارکان حلف لے چکے ہیں۔ صدر نے ایزنکوٹ کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے تاہم 6دسمبر تک ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی مہلت دی ہے۔ اس وقت ایزنکوٹ اور نتن یاہو دونوں ہی وزیر اعظم کا عہدہ حاصل کرنے کے لئے زبردست جدوجہد کررہے ہیں۔ نتن یاہو نے حلف لینے کے بعد انتہائی زہریلی تقریر کی اور اُن عرب جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے جو اس کی دانست میں یہودی مملکت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ یوں تو ایزنکوٹ نے بھی عرب ارکان کی تائید سے حکومت تشکیل دینے میں پس و پیش کا مظاہرہ کیا ہے۔ کیوں کہ اس کی اتحادی 19ارکان نے عرب ارکان کی حمایت سے حکومت تشکیل دینے کی شدت سے مخالفت کی ہے۔ ایک طرف نتن یاہو نے ایمرجنسی نیشنل گورنمنٹ تشکیل دینے کی بات کہی ہے تو ایک اطلاع کے مطابق ایزنکوٹ نے نتن یاہو کی جماعت لکوڈ کو حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے تاہم شرط رکھی ہے کہ نتن یاہو ان کے تحت رہیں گے۔ اسرائیلی صدر کی جانب سے دی گئی 28دنوں کی مہلت میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ بازی کسی بھی طرف پلٹ سکتی ہے۔ ٹرمپ کی اب بھی نتن یاہو کو تائید حاصل ہے۔ یہ اور بات ہے کہ خود امریکہ میں ٹرمپ اپنے اختیارات سے محروم ہونے کے بعد اپنے قدر و قیمت کھوچکے ہیں۔ اور انہوں نے نتن یاہو کی اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کو 50بلین ڈالرس کا واپس کرے جو ایران کے خلاف جنگ میں اس کے خرچ ہوئے ہیں۔ ایک معنی میں ٹرمپ نے کھلے الفاظ میں ایزنکوٹ کو بلیک میل کیا ہے۔ اسرائیل کے دونوں لیڈرس مسلم دشمنی اور کمینگی میں ایک دوسرے سے سبقت لے جاتے ہیں۔ 19عرب ارکان کی تاریخ ساز فتح سے دونوں ہی حواس باختہ ہیں۔ نتن یاہو نے تو باقاعدہ بعض عرب ممالک پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے عرب جماعتوں کی کامیابی کے لئے فنڈس فراہم کئے۔ انہیں فلسطینی عربوں کی رائے دہی کی غیر معمولی فیصد تناسب پر بھی حیرت کے ساتھ صدمہ بھی ہے‘ وہ اس حقیقت کو فراموش کررہے ہیں کہ عربوں کی غیرت انہوں نے ہی جگائی ہے۔ غزہ میں نسل کشی، بچوں پر زہریلے مہلک تجربات، انہیں ہمیشہ کے لئے معذور بنادینے کے اقدامات‘ ان کے گھروں کی مسماری نے عربوں کو ہوش میں لایا۔ اور پہلی بار انہوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ ان اندیشوں کو مسترد نہیں کیا جاسکتا کہ مستقبل میں اِن عرب جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہوسکتی ہے۔ عربوں اور مسلمانوں سے اسرائیل کی دشمنی عرب اور مسلم ممالک کے سربراہوں کے لئے سبق ہے۔ بیشتر مسلم ممالک بہ ظاہر اسرائیل کی مخالفت کرتے ہیں مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ یہودیوں کے لئے وہ اپنے سینے میں نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ اسرائیل اور اس کے ہم خیال اقوام سے تعلق رکھنے والے دوسرے ممالک کے شہریوں کو مسلم ممالک میں اعلیٰ عہدوں پرفائز کیا جاتا ہے جہاں سے وہ دولت بھی کماتے ہیں۔ ان کی خواتین اور دوشیزائیں ہنی ٹریپ کے ذریعہ امراء طبقہ کو پھانستی ہیں اور ان مسلم ممالک میں رہتے ہوئے وہ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف تحریکات کے لئے فنڈس مہیا کرتے ہیں۔ ان مسلم ممالک کے سربراہوں کے لئے وقت آگیا ہے کہ مسلم دشمنی کا مظاہرہ کرنے والے اسرائیل اور ان کے ہم خیال ممالک کے شہریوں کے لئے اپنی زمین تنگ کریں۔ ان کی سخت نگرانی کریں۔ ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ خاص طور پر مسلم دشمن ممالک کے سفارتخانے اس قسم کی سرگرمیوں کے مرکز ہوتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ان مسلم دشمن عناصر کے اثاثے یا ان کے رقومات کو ضبط کرلیں۔ جب تک ایسا نہیں ہوگا مسلم دشمنی کے واقعات کم نہیں ہوں گے۔ یاد رہے کہ جب بنگلہ دیش کے ایک غیر شادی شدہ جوڑے کو مکہ مکرمہ میں ان کے غلط کاموں کی سزا کے طور پر سزائے موت دی گئی۔ تو بنگلہ دیشی عوام نے وقتی طور پر سعودی حکومت کے خلاف احتجاج کیا مگر بنگلہ دیشی حکومت پھر اس لئے خاموشی اختیار کرلی کہ اس کے 35لاکھ سے زائد شہری سعودی عرب میں مزدوری کرتے ہیں جس سے ان کے ملک کی معیشت میں بہتری آتی ہے۔ یہی حال بیشتر مسلم دشمن ممالک کا ہے۔ اگر مسلم ممالک کے سربراہان مسلم اور اسلام دشمن سرگرمیوں کے لئے اگر سخت سزائیں دیں‘ انہیں ملک بدر کریں تو ان ممالک کی حکومتیں خود ان شرپسند عناصر کو پابند کرسکتی ہے کہ وہ اس قسم کی سرگرمیوں سے باز آجائیں۔

بی جے پی کو ریونت ریڈی کا چیلنج اور مسلمان

11نومبر 2026ء کو مولانا آزاد کے 138ویں یوم پیدائش کے موقع پرتلنگانہ کی وزارت اقلیتی بہبود اور اردو اکیڈیمی کے زیر ہتمام منعقدہ یوم قومی تعلیم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تقریر کو یادگار بلکہ تاریخ ساز کہا جاسکتا ہے۔ پہلی بار اقلیتوں سے انہوں نے اس قدر ولولہ انگیز خطاب کیا ہے جس نے ریاست کی اقلیتوں کو بڑی حد تک ڈھارس بندھائی کہ کانگریس اس کے زخموں پر مرہم لگاسکتی ہے۔ ریونت ریڈی نے ایک طرف مولانا آزادکی کانگریس، ملک اور آزاد ہندوستان کی عوام کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ناقابل فراموش قرار دیا تو دوسری طرف حیدرآباد کے آخری تاجدارنظام کی فلاحی خدمات کو بھی یاد کیا۔ اور انہیں بھی متاثر کن الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ ریونت ریڈی نے مولانا آزاد پر تنقید کرنے والوں کو یاد دلایا کہ یہ مولانا آزاد ہی تھے جنہوں نے ایک طرف اعلیٰ تعلیم کے لئے IIT کھرگپورقائم کیا۔ یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (UGC)کی بنیاد رکھی، آل انڈیا کونسل فار ٹکنیکل ایجوکیشن (AICTE)،انڈیا کونسل فار کلچرل ریلیشنس (ICCR)، کلا اکیڈمی، سنگیت ناٹک اکیڈمی قائم کیا، تو دوسری طرف کم تعلیم یافتہ نوجوانوں ITI قائم کئے۔ IITمیں تعلیم حاصل کرنے والوں کی بدولت ملٹی نیشنل کمپنیز قائم ہوئی۔ ملک اور بیرون ملک میں وہا اعلیٰ عہدوں پرفائز ہوئے اور آئی ٹی آئی سے ہنرمند نوجوان سند یافتہ ہوکر خلیجی ممالک میں روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جس سے ان کے خاندانوں اور ملک کی معاشی حالت میں بہتری ہوئی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی صدارت پر نہ تو گاندھی نہ پنڈت نہرو اور نہ ہی سردار پٹیل فائز ہوئے۔ یہ مولانا آزاد تھے جو تین مرتبہ کانگریس کے صدر رہے۔ آزادی کے بعد سے 70برس تک مولانا آزادنے علم اور ہنر کے میدان میں جو راستہ دکھایا تھا اُسی راستہ پر ہندوستان چلتارہا۔ آج حالات بدل گئے۔ آج کا دور ڈیجیٹل دور ہے۔ لہٰذا وقت کے ساتھ ہم قدم رہنے کے لئے تلنگانہ حکومت اسکل یونیورسٹیز، انٹیگریٹیڈ اسکولس، کالجس قائم کررہی ہے‘ تاکہ اعلیٰ تعلیم بھی حاصل ہو اور جن نوجوانوں کو تعلیم میں دلچسپی نہ ہو وہ کسی پیشے کو اختیار کرنے کے لئے اس میں مہارت حاصل کرے۔ ریونت ریڈی نے مسلمانوں کے لئے تعلیم اور روزگار میں 4فیصد تحفظات کے لئے مسز سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے اقدامات غلام نبی آزاد سے لے کر محمد علی شبیر تک کی۔ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ریزرویشن کی بدولت مسلمان ایک طرف پروفیشنل کورسز میں داخلہ لینے کے اہل ہیں‘ تو دوسری طرف وہ گروپI، گروپII کے عہدوں پر فائز کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس کا ذکر کئے بغیر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ 12فیصد تحفظات کا وعدہ کیا اور 12سال گزر گئے‘ یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ مسلمانوں کا دل جیتنے کے لئے رمضان میں شیروانی پہن کر اردو میں تقریر کی جاتی رہی اور مسلمان خوش ہوکر انہیں ووٹ دیتا رہا۔ چیف منسٹر نے پھر بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ مسلم تحفظات کو ختم کرکے دکھائیں۔ انہوں نے انتہائی جذباتی اور جوشیلے انداز میں تالیوں کی گونج میں کہا کہ ”کوئی بھی مائی کا لال اقلیتوں کے تحفظات کو ختم نہیں کرسکتا۔انہوں نے دہلی سے باربار حیدرآباد آکر ماحول کو بگاڑنے والے بعض قائدین کو بھی چیلنج کیا۔ اور کہا کہ وہ آخری وقت تک بی جے پی کا مقابلہ کرتے رہیں گے اور بی جے پی کو اگر کوئی ختم کرسکتا ہے تو وہ کانگریس ہے۔ مسٹر ریونت ریڈی کی اس تقریر کو ہر گوشے میں سراہا گیا۔ کیوں کہ انہوں نے باربار یہ کہا کہ 15فیصد اقلیتوں کی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ اور ان کی حکومت پابند ہے ایس سی ایس ٹی کے ساتھ اقلیتوں کی تعلیم اور روزگار میں یکساں ترقی کو یقینی بنانے کے لئے۔ اگلے تعلیمی سال سے انہوں نے ریاست کے تعلیمی نظام میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا۔ مسٹر ریونت ریڈی سے پہلے جناب محمد علی شبیر نے بتایا کہ 4فیصد تحفظات سے 21لاکھ مسلمان فیضیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔ اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستوں کو بھی تلقین کی کہ وہ رات دیر تک جاگنے کی عادت سے گریز کرے کیوں کہ دیر تک جاگنا، دیر سے اٹھنے کی وجہ سے ہاسپٹلس میں مریضوں کی تعداد مسلمانوں کی ہی زیادہ ہوتی ہے۔ مولانا آزاد ایوارڈ حاصل کرنے والے ماہر اقتصادیات پروفیسرعامراللہ خان نے جو سچرکمیٹی کا جائزہ لینے والے سدھیر کمیشن کے رکن تھے‘ انہوں نے انکشاف کیا کہ ابتدائی جماعتوں تک مسلم طلبہ کا تناسب لگ بھگ 75فیصد ہوتا ہے۔ اور پوسٹ گریجویشن تک پہنچنے تک یہ تناسب تین فیصد ہوجاتا ہے۔ ا نہوں نے اچھی تعلیم کے لئے اچھے ٹیچرس اور اعلیٰ تعلیم کے پورے نظام کو تبدیل کردینے کی ضرورت پر زور دیا۔ مجموعی طور پر یہ پہلا موقع تھا جب اقلیتوں کی کوئی تقریر بامقصد ثابت ہوئی۔ ہر ایک مقرر نے چاہے وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ہوں یا وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین یا جناب محمد علی شبیر یاپھر پروفیسر عامراللہ خان‘ مسلم نوجوانوں کوجھنجھور نے کی بھرپور کوشش کی اور اب مسلم نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ علم ہو یا ہنر حاصل کریں۔ بیروزگاری اور نحوست کو دور کرے۔ خود کو اپنے خاندان اور ریاست و ملک کا اثاثہ ثابت کرے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ حکومت کی جانب سے سیول سرویسس کے علاوہ مختلف گروپ کے امتحانات کی فری کوچنگ دی جاتی ہے۔ ابتداء میں صدفیصد تعداد ہوتی ہے۔ کوچنگ کی مدت ختم ہونے تک چند طلبہ نظر آتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں کم دلچسپی اپنی زندگی کے مقصد سے لاعلم نوجوانوں سے شہرکی ہوٹلیں،چبوتریں فارم ہاؤزس آباد ہیں۔ پھر ہم شکایت کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ امتیاز برتا جارہا ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں ہماری تعداد گھٹتی جارہی ہے۔ کیا کبھی ہم نے خود کا محاسبہ کیا ہے کہ پولیس، فوج بلکہ اگنی ویروں کی بھرتی ہوتی ہے‘ تو ہم میں سے کتنے اس میں حصہ لیتے ہیں

More from غیر زمرہ بند