بہار کے سابق وزیر اعلیٰ مسٹر جگناتھ مشرا 82سال کی عمر میں 19/اگست کو چل بسے۔ وہ تین مرتبہ ریاست بہار کے چیف منسٹر رہے۔مسلم دوست اور اردو کے عاشق کے طور پر وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
انہوں نے ہندوستان میں سب سے پہلی مرتبہ ریاست بہار میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ان پر اردو اور مسلم کارڈ استعمال کرکے الیکشن جیتنے کا الزام بھی عائد کیا جاتا رہا انہیں اپوزیشن ہی نہیں بلکہ خود ا ن کی اپنی جماعت کانگریس بھی مولانا کہا کرتی تھی۔ پارٹی میں رہتے ہوئے بھی انہوں نے مسز اندرا گاندھی کی پالیسیوں پر تنقید کی تھی-
مرکزی حکومت نے اقلیتوں کی سماجی حالت کا جائزہ لینے کے لئے جگناتھ مشرا کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں انہوں نے بہت اچھی تجاویز پیش کی تھی جن پر عمل نہیں کیا گیا۔