Sunday , December 22 2024
enhindiurdu

حیدرآباد میں ”مرڈرکلچر“ کیوں؟ سروے کی ضرورت


جشن آزادی تقریب سے جناب محمود علی کا خطاب… ڈاکٹر محمد عبدالرشید جنید
مسلمان صبر و استقامت، پیارو محبت کا علمبردار ہوتا ہے کیونکہ اسلام نے ہمیں امن و سلامتی کی دعوت دی اور پیار ومحبت کا درس دیا ہے ان خیالات کا اظہار جناب محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ تلنگانہ نے ہندوستان کے 76ویں جشن یوم آزادی تقریب کے موقع کیا۔ جناب محمد محمود علی میڈیا پلس آڈیٹوریم،جامعہ نظامیہ کامپلکس گن فاؤنڈری میں انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ اور بزم عثمانیہ جدہ سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔ یہ تقریب جناب عارف قریشی صدر انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ اور بزم عثمانیہ جدہ کی صدارت میں منعقد کی گئی تھی۔ شہ نشین پر مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے نواب نجف علی خان نبیرہ آصف جاہ سابع نواب میر عثمان علی خان بہادر، جناب بادشاہ نواز خان سابق اسپیشل میٹروپولیٹن مجسٹریٹ، جناب امتیاز اسحاق صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن، جناب ایس کے افضل سینئر کانگریسی قائداور جناب محمد اسماعیل اُورب انصاری المعروف اُردو انصاری تھے۔ جناب رشید الدین رشید کی قرأت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ جناب اطیب اعجاز نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی پولیس ہندوستان کی سب سے بہترین پولیس ہے انہوں نے کہا کہ ریاست میں مرڈر (قتل)کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے جس کے سدّباب کے لئے علمائے کرام، ائمہ و خطباء مساجد اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملکر عملی اقدامات کئے جائینگے۔مسلمان مسلمان کو مار رہے ہیں جبکہ اسلام کسی بھی عام انسان کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔مسلمان آپسی اختلافات اور دشمنیوں کو ختم کرتے ہوئے امن و سلامتی، پیار و محبت سے رہیں اور اسی میں ہماری ترقی و خوشحالی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست میں چیف منسٹر مسٹر کے چندراشیکھرراؤ نے دیگر ابنائے وطنوں کے ساتھ مسلمان لڑکے اور لڑکیوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں انہو ں نے کہا کہ ریاست میں 204اقلیتی اقامتی اسکولوں اور کالجس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ دولاکھ 66ہزار لڑکیوں کی شادی بیاہ کیلئے ایک ایک لاکھ روپئے دیئے گئے۔ بنیادی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے ریاست میں کئی ایک فلامی اسیکمات روبہ عمل لائے جارہے ہیں۔ ائمہ و موذنین کیلئے تیس کروڑ روپیے مشاہرہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ائمہ کرام اور موذنین اللہ کی راہ دکھاتے ہیں، خوفِ خدا پیدا کرتے ہیں اور حقوق اللہ و حقوق العباد کی تعلیم و تربیت کرتے ہیں ان ہی افراد سے امن و سلامتی قائم رہتی ہے اسی کے پیشِ نظر ان کی دعائیں لینے چیف منسٹر نے ائمہ کرام و مؤذنین کو مشاہرہ مقرر کیا ہے۔جناب محمد محمود علی جو صحت کی خرابی کے باوجود جشن یوم آزادی تقریب میں شرکت فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ہند کے لئے جس طرح ہمارے بڑوں نے قربانیاں دیں ہیں اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے سب سے زیادہ قربانی دے کر اس ملک کو آزادکرایا ہے۔ اس کا ثبوت گیٹ وے آف انڈیا پر مسلمانوں کے ناموں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ مولانا ابوالکلام آزاد جیسی شخصیت کانگریس کی صدارت پر فائز رہی جو سب سے کم عمر کانگریس صدارت پر فائز ہوئے تھے۔ محمود علی نے کہاکہ مسلم بادشاہوں نے اس ملک میں حکومت بھی کی اور یہیں کے ہوکر رہے اور اس ملک میں ایسے ایسے تاریخی کارنامے انجام دیئے اور ایسی ایسی عالیشان عمارتوں کی تعمیر کروائی جو عالمی سطح پر آج بھی سیاحت کیلئے اہم حیثیت رکھتی ہے۔ مسلم حکمرانوں نے ہندوستان میں امن وسلامتی کیلئے یکجہتی کو قائم کیا۔ مذاہب کے درمیان پیار و محبت کی چاشنی پھیلائی جبکہ آج ہندوستان کے حالات کس ڈگر پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جناب کے چندرشیکھرراؤ کے دور اقتدار میں امن و سلامتی کی فضاء بحال ہے، ریاست میں چیف منسٹر نے انہیں جو عہدہ وزارتِ داخلہ کا عطا کیا ہے یہ ان سے مسلمانوں کی محبت کا ثبوت ہے۔ جناب محمدمحمود علی نے گاندھی جی کے ان الفاظ کو یاد کرکے بتایا کہ گاندھی جی ہندوستان میں حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حکومت کو پسند کرتے ہوئے یہاں پر بھی ایسی ہی حکومت چاہتے تھے۔ جناب عارف قریشی نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ ملک سے محبت ایمان کا جز ہے انہو ں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے جس طرح وطن کی آزادی کیلئے جدوجہد کرکے جانوں کی قربانیاں دیں ہیں اسے یاد رکھتے ہوئے ہم اپنے ملک سے سچی محبت کرنا چاہیے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خدمات انجام دینا چاہے۔ اس موقع پر مہمان شرکاء کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی۔

About Gawah News Desk

Leave a Reply