Sunday , December 22 2024
enhindiurdu

سچن جیسا پلیئر کہاں ٥٠ ویں سال گرہ مبارک

کل 24 اپریل تھی۔ ٹھیک 50برس پہلے جس ننھے منھے نے آنکھ کھولی تھی اُ س وقت کسی کے وہم و گمان میں نہ تھا کہ وہ 15برس بعد ہندوستانی کرکٹ اور پھر ایک برس بعد عالمی کرکٹ ہی نہیں بلکہ کروڑوں کرکٹ شائقین کی آنکھوں کا تارا بن جائے گا۔ 15سال 232 دن کی عمر میں گجرات کے خلاف رانجی ٹرافی کے ایک میاچ میں جو اس کی اپنی زندگی کا پہلا فرسٹ کلاس میاچ تھا‘ ایک شاندار سنچری بنائی تھی۔ آل ٹائم گریٹ کرکٹر سنیل گواسکر نے ان کی صلاحیتوں کو پرکھتے ہوئے انہیں اپنی کرکٹ کٹ تحفہ میں دے دی۔ 16برس کی عمر میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے گجران والا میں عمران خان، وسیم اکرم اور عبدالقادر کے چھکے چھڑا دیئے تھے۔ تب دنیا کو پتہ چلا کہ ایک عظیم کھلاڑی میدان میں آگیا ہے جسے سچن تنڈولکر کے نام سے اگلے 20-22برس تک دنیا عزت اور احترام کے ساتھ دیکھتی رہی اور آج وہ اپنی عمر کی ہاف سنچری مکمل کرچکا ہے تو ساری دنیا اس کا جشن منارہی ہے۔
سچن تنڈولکر جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ 200ٹسٹ میاچس میں 51سنچریوں اور 68ہاف سنچریوں کی مدد سے 15ہزار 921رن،
اور 463ونڈے میاچس میں 49سنچریوں، 96ہاف سنچریوں کی مدد سے 18426رن بنائے۔
اس طرح انٹرنیشنل کرکٹ میں 100سنچریاں بنانے میں سچن تنڈولکر نے دنیا کے ہر خطرناک بولر کو اس کی اوقات بتائی۔ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلی ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز بھی ان کے حصہ میں آیا جب انہوں نے گوالیار میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف 200رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
سچن تنڈولکر نے ہندوستانی ٹیم کی قیادت بھی کی اگرچہ کہ وہ کپتان کی حیثیت سے زیادہ کامیاب نہیں رہے مگر بیاٹر کی حیثیت سے ہمیشہ اپنی اہمیت کو منوایا۔
جب تک سچن وکٹ پر ہوتے اپنے دور کے مشہور بولرس سہمے سہمے سے رہتے تھے۔
سچن نے 1989ء میں پاکستان کے دورہ سیالکوٹ سے اپنے ٹسٹ کیریر کا آغاز کیا تھا۔ یہ وقار یونس کے کیریر کا بھی پہلا ٹسٹ تھا۔ ان کے باؤنسر سے سچن لہولہان ہوگئے تھے۔ ان کے چہرے سے خون بہنے لگا۔ ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں پویلین واپس جانے کا مشورہ دیا مگر 16سالہ سچن نے انتہائی عزم و ہمت کے ساتھ کہا کہ ”میں کھیلے گا“۔اس وقت اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں پاکستانی شائقین کرکٹ ہندوستان سے رقابت کے باوجود سچن کی کمسنی اور اس کی ہمت سے متاثر ہوئے تھے۔ اور پھر سچن نے اس زخمی حالت میں تین گھنٹے تک بیاٹنگ کی اور 57رن بنائے۔ ان کے ساتھ سدھو تھے دونوں میں 101 رن کی پارٹنر شپ ہوئی۔
اُس دن عمران خان نے سچن کے شاندار مستقبل کی پیشن گوئی کی تھی۔ ایسے کئی موقع ملے جب سچن نے وقار یونس کو ان کے باؤنسر کا چوکوں اور چھکوں سے جواب دیا۔ آسٹریلیا کے افسانوی بولر شین وارن نے تو کہہ دیا تھا کہ انہیں سچن کے ڈراؤنے خواب آنے لگے ہیں۔
سچن نے کئی تاریخ ساز اننگز کھیلی۔
2010 کے آئی پی ایل سیزن میں انہوں نے 618رن بنائے تھے۔
سچن نے 16/نومبر 2013ء کو لگ بھگ دس برس پہلے وانکھیڑے اسٹیڈیم ممبئی میں اپنا آخری ٹسٹ کھیلا اور اشکبار آنکھوں کے ساتھ ایک ایسی تقریر کی جس نے ٹی وی پر مشاہدہ کرنے والے کروڑوں ناظرین کو رُلادیا تھا۔ سچن نے اپنے کوچ سے لے کر گراؤنڈ مین سے تک اظہار تشکر کیا تھا۔
اپنے طویل کرکٹ کیریر کے دوران وہ ہمیشہ غیر متنازعہ رہے۔ انہوں نے کبھی بڑا بول نہیں بولا بلکہ جب شیوسینا کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے ممبئی کو صرف مراٹھوں کا شہر قرار دیا تھا تب سچن نے پوری ہمت اور جرأت کے ساتھ کہا تھا کہ ممبئی سب کی ہے۔
سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن تنڈولکر ایک ابھرتے آل راؤنڈر ہیں۔ ابھی آئی پی ایل سیزن میں وہ ممبئی انڈینس کے لئے کھیل رہے ہیں۔ اور سچن ان سے بہت سی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ ان کی پتنی ڈاکٹر انجلی ان کے بزنس کو سنبھالتی ہیں۔
توقع کی جارہی ہے کہ سچن مستقبل میں کرکٹ بورڈ میں کوئی اہم رول ادا کریں گے۔ مایہ ناز کھلاڑی کی زندگی کی ہاف سنچری کی تکمیل پر گواہ نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

About Gawah News Desk

Check Also

Telangana Family Digital Cards Pilot Project Begins Today: All You Need to Know

The Telangana Government has launched a pilot project for issuing Family Digital Cards (FDC) to …

All India Muslim Personal Law Board President Maulana Khalid Saiffullah Rahmani, Telangana CM Revanth Reddy, Hyderabad MP Asaduddin Owaisi, Minority Affairs Advisor Mohammed Ali Shabbir and TMREIS President Faheem Qureshi at the launch of the book Prophet for the World in Hyderabad

CM Revanth Reddy Calls for Unity and Secularism at ‘Prophet for the World’ Book Launch

Hyderabad, September 14: Telangana Chief Minister A. Revanth Reddy stressed the need for unity and …

Leave a Reply